صوبائی سٹیئرینگ کمیٹی کا اجلاس ، پنجاب روزگار سکیم کو حتمی شکل دی گئی

125

لاہور، 11 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبا ل کی زیر صدارت سٹیئرینگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب روزگار سکیم کو حتمی شکل دی گئی۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت،چیئر مین منصوبہ بندی وترقیات،سیکرٹری خزانہ،ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن، صنعت وتجارت، خزانہ،پیسک اور پنجاب بینک کے حکام نے اجلا س میں شرکت کی،  پنجاب بینک کے صدر نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلا س میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ کورونا سے متاثر کاروبار کی بحالی اور نئے کاروبار شروع کرنے کے لئے پنجاب بینک کے اشتراک سے آسان قرضوں کا بڑا پروگرام لا رہے ہیں، رواں مالی سال کے بجٹ میں اس پروگرام کے لئے ساڑھے 9 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ پنجاب روزگار پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 5 سے 10 لاکھ روپے تک کے آسان قرضے دیئے جائیں گے ، دوسر ے مرحلے میں قرضوں کی حد 50 لاکھ تک بڑھائی جائے گی، قرضوں کی فراہمی کے لئے شفاف نظام وضع کیا جائے گا۔

 میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر شفاف نظام کے تحت یہ آسان قرضہ دیئے جائیں گے،قرضوں کی فراہمی کے اس بڑے پروگرام سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ صنعتی،تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔    کورونا کی وباء نے معیشت سمیت ہر شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اللہ تعالی کے فضل اور حکومت کی موثر حکمت عملی کے باعث کورونا کی وباء میں نمایاں کمی آئی ہے۔ کورونا سے متاثر کاروبا ر اور معیشت کی بحالی کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اے پی پی /لاہور/حامد