قومی اسمبلی اجلاس، ارکان نے سیاسی و قومی خدمات پرمرحوم رکن اسمبلی  سید افتخار الحسن کو خراج عقیدت پیش کیا

135

اسلام آباد ، 7 اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی کے اجلاس میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے مرحوم رکن قومی اسمبلی سید افتخار الحسن کی سیاسی و قومی خدمات پر ان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ہر الیکشن میں ہمیشہ ناقابل شکست رہے، وہ ایک بہترین پارلیمنٹرین اور اعلیٰ پائے کے سیاستدان رہے، ہمیشہ اپنی جماعت کے ساتھ کھڑے رہے، اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

 جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مرحوم سید افتخار الحسن کے ساتھ میرا دیرینہ تعلق تھا۔ ان کے والد بھی ایک عہد ساز شخصیت تھے۔ وہ نہ صرف سیالکوٹ میں بلکہ ملک بھر میں احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے۔ سید افتخار الحسن 1965ءسے اب تک منتخب ہوتے رہے۔ اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے تاہم ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔ شازیہ مری نے کہا کہ قومی اسمبلی کی طرف سے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کے لئے قرارداد منظور کی جائے۔

 ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ مرحوم کے میرے والد کے ساتھ گہرے مراسم تھے وہ ان کے ساتھ چار مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی رہے۔ سید افتخار الحسن ہمیشہ ناقابل شکست رہے۔ ہم ان کی وفات پر سوگوار ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کو غریق رحمت کرے۔ تعزیتی قرارداد کی منظوری پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ افتخار الحسن شاہ کے ساتھ دیرینہ تعلق تھا۔ وہ انتہائی سادہ اور مخلص انسان تھے۔ وہ ناقابل شکست رہے مگر ہمیشہ سر جھکا کر رکھا۔ وہ ہمیشہ ہر عمر کے لوگوں کے ساتھ احترام سے پیش آتے تھے۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی عاجزی سے اور صاف شفاف انداز میں گزاری۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

شہریار خان آفریدی نے کہا کہ میرا اور علی محمد خان کا سید افتخار الحسن سے ایک روحانی تعلق تھا۔ وہ اپنی جماعت کے ایک وفادار رکن تھے۔ اللہ تعالیٰ ان کا وہ جہاں اچھا کرے ہم سب یہاں ایک گھر کے افراد کی طرح ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کی زندگی میں بھی عزت کرنی چاہیے۔

 ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ سید افتخار الحسن ایک بہادر آدمی تھے۔ انہوں نے اپنے کردار ، عزت اور خاندان کو ملحوظ رکھا۔ اللہ تعالیٰ ان کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔امجد علی خان نے کہا کہ سردار ایاز صادق کے ہمراہ ہم نے سید افتخار الحسن شاہ کے ساتھ بغداد کا سفر کیا۔ وہ ایک اچھی شخصیت کے مالک تھے۔ اللہ تعالیٰ ان کی آئندہ کی منزلیں آسان فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سید افتخار الحسن شاہ کے تمام نیک اعمال اپنے دربار میں قبول فرمائے۔ ان کے تمام گناہ معاف فرمائے۔ غوث بخش مہر نے بھی مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وہ ایک بہترین پارلیمنٹرین تھے۔ ہمیشہ اپنی پارٹی کے ساتھ وفادار رہے۔ مسلم لیگ (ن) اپنے ایک بہترین کارکن سے محروم ہوگئی ہے۔ ہم ان کے خاندان اور جماعت کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ریاض فتیانہ نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں ساتھی رہے۔ مرحوم اچھی طبیعت کے مالک تھے۔ انہیں لوگوں کو خوش رکھنے کا ملکہ حاصل تھا۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ ہم سید افتخار الحسن کی جماعت دوستوں اور خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے قرآن حکیم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دنیا کی ہر شے فانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بندہ انسانیت کی خدمت کرتا ہے وہ ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔

اے پی پی /ڈیسک/حامد