پاکستان پر وہ وقت آچکا ہے جس کے ہم نے وعدے کئے تھے ؛وزیر اعظم عمران خان

133

لاہور،7 اگست (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دو سال بہت مشکل سے گزارے ہیں ، ملک تباہ شدہ حال میں ملا جسے چلانا ہمارے لئے بڑے معرکہ سے کم نہ تھا ، جب بھی کوئی ملکی مسئلہ درپیش آتا تو این آر او مانگنے والے شور شرابہ شروع کردیتے ،کورونا کے خاتمہ کےلئے سب نے محنت کی اور اللہ تعالی نے ہمیں اس عذاب سے بچا لیا جبکہ انسان کا کام کوشش کرنا ہے،اب اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو یہ نا شکری ہو گی، ہر مشکل کے بعد آسانی ہوتی ہے اور اب پاکستان پر وہ وقت آچکا ہے جس کے ہم نے وعدے کئے تھے ان کو پایا تکمیل تک پہنچاسکیں۔

وہ جمعہ کے روز شاہدرہ کے علاقہ میں “راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ،وفاقی وزیر حماد اظہر ، شہزاد اکبر ، چیئرمین راوی پراجیکٹ راشد عزیز ، وفاقی و صوبائی وزراء، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر وزیر اعظم کو منصوبہ بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جبکہ وزیر اعظم نے منصوبہ کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔

 وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ دریا ئے راوی اپنی خوبصورتی میں اپنی مثال آپ تھا جو اب سکڑکر سیوریج نالہ بن چکا ہے، ہماری حکومت نے مشکل منصوبہ “راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ” کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے،یہ پراجیکٹ لاہور کو بچانے کا منصوبہ ہے، اس سے زیر زمین پانی کی سطح بلند ہوگی اور آنے والے دنوں میں لاہور کو کراچی جیسے خطرناک مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ ایک ایسا شہر بنایا جائے جو جدید طرز کا ہو جس میں تمام سہولیات موجود ہوں اور وہ منصوبہ بندی کے تحت بنایا جائے، راوی سٹی اسلام آبادکے بعد پاکستان کا دوسرا منصوبہ بندی والا شہر ہے جس میں 13شہر آباد ہوں گے جبکہ ایک کلومیٹر وسیع اور 46کلومیٹر لمبی جھیل بھی اس میں شامل ہوگی، مذکورہ پراجیکٹ 1لاکھ 10ہزار ایکٹر پر محیط ہو گا جسے آلودگی سے پاک کرنے کےلئے 60لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ شہر کے گندے نالوں کے پانی کو ٹریٹ کر کے دریا میں چھوڑا جائے گا جس سے پانی کی زیر زمین سطح بلند ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ راوی سٹی لاہور کو بچانے کا 50ہزار ارب روپے کا منصوبہ ہے جس میں پرائیوٹ پارٹنر شپ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی جن کا ہمیشہ پاکستان پرشکوہ رہتا ہے یہ ان کے لئے بہتر کارگر منصوبہ ہوگا ،انہیں چاہیے کہ وہ اس میں سرمایہ کاری کریں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں سرمایہ آئے گا اور ملک خوشحال ہو گا جبکہ اس پیسے سے ہم اپنے اوپر واجب الادا قرضے کو بھی اتار سکیں گے، اس منصوبے سے آنے والے سرمایہ کو صحت ‘ تعلیم اور احساس پروگرام کے ذریعے غریب عوام پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل منصوبہ ہے جس کےلئے بڑی محنت درکار ہے اور یقینا مشکلات بھی آئیں گی، اگر یہ منصوبہ اتنا آسان ہو تا تو 2004سے گزشتہ دور تک کی حکومتیں اس کو بنا چکی ہوتیں جبکہ سابق حکمرانوں نے اورنج لائن ، میٹرو بس چلا کر 28ارب روپے کی سالانہ سبسڈیز دیں جس سے ملک مقروض ہوتا چلا گیا جبکہ راوی سٹی پراجیکٹ سے ملک میں پیسہ آئے گا اور ملک خوشحال ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ نیا پاکستان ہاﺅسنگ پراجیکٹ اور دیگر رفاعی منصوبے چلتے رہیں گے۔

 قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب سر دار عثمان بزدار نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ لاہور کے لئے ایک میگا پراجیکٹ لے کر آئے ہیں جس سے لاہور پوری دنیا میں شہرت حاصل کر لے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ وہ اور ان کی ٹیم اس منصوبہ کے لئے دن رات ایک کردیں گے اور اس کی راہ میںحائل تمام رکاوٹیں ختم کر دی جائیں گی۔

اے پی پی /ڈیسک/حامد