لاہور فش مارکیٹ گنجان آباد علاقے سے چائنا سکیم کے علاقے میں شفٹ کرنے کا اصولی فیصلہ

137

لاہور، 19اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں گنجان آباد علاقے سے فش مارکیٹ کی منتقلی کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ فش مارکیٹ چائنا سکیم کے علاقے میں شفٹ کی جائے گی، چائنا سکیم کے علاقے میں ماڈرن فش مارکیٹ بنائی جائے گی۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی مچھلی منڈی میں کاروبار کی جدید سہولیات دیں گے،فش مارکیٹ کی منتقلی کے عمل کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے ماڈرن فش مارکیٹ کا فنانشل ماڈل اور جامع فزیبلٹی رپورٹ جلد تیار کر نے کی ہدایت بھی دی، اس کے علاوہ نئی مچھلی منڈی میں چلر سسٹم لگانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت ،ڈی جی ماحولیات ،لائیو سٹاک اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ مچھلی منڈی لاہور کے صدر مبارک علی، جنرل سیکرٹری رائے اختراوردیگر عہدیداران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔