جیکب آباد،19اگست(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری اور ایس ایس پی محمد طارق نواز نے محرام الحرام کے سلسلے میں تحصیل ٹھل کا دورہ کیا ، دورے کے دوران ایس ڈی پی او،اسسٹنٹ کمشنر ، مختیار، میونسپل کے افسران اور متعلقہ ایس ایچ اوز ٹھل بھی ہمراہ تھے ۔
ڈپٹی کمشنر غنضفر علی قادری،ایس ایس پی محمد طارق نواز مختلف امام بارگاہوں میں گئے جن میں مرکزی امام بارگاہ حسینی ٹھل، امام بارگاہ علی اصغر ٹھل، امام بارگاہ صاحب زمان میرپور، مرکزی امام بارگاہ دامن شاہ، امام بارگاہ حسینی رانجھاپور اور امام بارگاہ محفل مرتضی مبارک پور شامل تھی،اہلِ تشیع کے علماء، رہنماؤں، اور جلوس و مجالس کے منتظمین سے ملاقاتیں کی ، ان کے مسائل کو تفصیلی معلوم کیا اور ان کے فوری حل کے لئیے ایس ڈی پی او ٹھل اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام امام بارگاہوں، مساجد اور سبیلوں کے اطراف میں 24 گھنٹے گشت کو یقینی بنایا جائے،تمام مجالس اور قافلوں کے راستوں پر بلاکنگ پوائنٹس لگائے جائیں اور چھتوں پر بھی سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں،بلاکنگ پوائنٹس کی وجہ سے عوام کو آمد رفت کیلئے متبادل راستوں کا روٹ پلان جاری کیا جائے تاکہ کسی بھی شہری کو کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، تحصیل ٹھل کے داخلی اور خارجی پوائنٹس پر چیکنگ کی جائے اور داخل ہونے والے افراد کی تصدیق اور انٹری رکھی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ایس ایچ اوز بارڈر سے ملحقہ راستوں پر خود گشت کریں اور پکٹ پلان پر سختی سے عمل درآمد کروائیں،ایس ایچ او ٹھل اور 15 مددگار انچارج ، ٹھل شہر کے اندر پیٹرولنگ بڑھائیں اور سکیورٹی سخت کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قافلوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمراز نصب کرنے کا پلان بنایا جائے تاکہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔











