لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں یوم عاشور  پر  280 عزاداروں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی

136

پشاور،30اگست(اے پی پی): پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں یوم عاشور کو تقریباً 280 عزاداروں کو بروقت طبی امداد فراہم کی گئی، جس کیلئے ہسپتال کی ایمرجنسی میں پہلے ہی سے تمام تر انتظامات کیے گئے تھے۔

ہسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو 500 سٹیریلائزڈ کٹس، 300 افراد پر مشتمل طبی عملہ، ضروری ادویات، بیڈز اور ایمبولینسز کی فراہمی کردی گئی تھی۔ عزاداروں کے علاج میں شامل طبی عملے کو پی پی آئی کیٹس فراہم کی گئیں جبکہ ہر ایک عزادار کے لئے الگ سٹیریلائزڈ کٹ کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا۔

ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر محمود اور ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر حامد شہزاد بذات خود ایمرجنسی میں موجود رہے اور وہاں ہر موجود طبی عملے اور عزاداروں سے بھی ملے تاکہ کسی کو بھی کوئی پریشانی نہ ہو۔

عزاداروں نے ایل آر ایچ کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں کئے گئے انتظامات اور سٹاف کے رویے کی تعریف کی اور کہا کہ طبی امداد تک بروقت رسائی میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔