پشاور، 30اگست(اے پی پی):ایس ایس پی آپریشن پشاور منصور امان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران فرنٹ لائن پر ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے والے دلیر جوان ہی فورسز کا اصل سرمایہ ہیں، محرم الحرام اور خصوصاً عاشور کے دن شہر کی امن و سلامتی میں انکا کردار قابل تحسین ہے جو شب و روز ڈیوٹیاں سرانجام دے کر عوام اور عزاداروں کا تحفظ یقینی بناتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عاشور کی سیکورٹی کے حوالے سے شہر کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کی مناسبت سے پولیس کی ایک ہزار موبائل ٹیمیں گشت پر ہیں اور مجموعی طور پر دس ہزار جوان جن میں پاک فوج اور رینجر شامل ہیں، شہر کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔ اسطرح شہر کے حساس علاقوں میں موبائل سروس بھی سکیورٹی کے پیش نظر معطل کردی گئی ہے۔
ایس ایس پی آپریشن منصور امان نے مختلف پوائنٹس کی سکیورٹی کا جائزہ لیا اور موجود پولیس جوانوں کو ڈیوٹی کے متعلق ہدایات دیں اور انکے مسائل سے آگاہی حاصل کی ۔











