محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ؛ اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ ندا کاظمی

148

کوئٹہ،29اگست (اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ ندا کاظمی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مساجد ، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہےں، محرم الحرام کے دوران ضابط اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی  خبر رساں  ایجنسی   اے  پی پی    کو   محرم الحرام کے دوران سیکورٹی  انتظامات  سے   متعلق  اپنے  دئیے  گئے  ایک  ویڈیو پیغام میں  کیا  ۔انہوں نے  کہا کہ جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز کو ضرور ملحوظ خاطر رکھا جائے کورونا پر جلد مکمل قابو پا لیں گے لیکن احتیاط بے حد ضروری ہے ۔ مجالس کے دوران ماسک کی پابندی لازمی کی جائے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے ۔

ندا کاظمی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران صوبے میں قانون کی عملداری کو ہرصورت یقینی بنایا جائےگا۔ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے سدباب کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔