مسئلہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے؛وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی

92

مظفر آباد ،یکم اگست (اے پی پی):وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی و اراکین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، کشمیر پر جارحانہ سفارتی پالیسی کی ضرورت ہے، مودی نے بھارت کو انتہاءپسندی کی انتہاءتک پہنچا دیا ہے۔

 عیدالاضحی کے موقع پر مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر پر 5 اگست کا فیصلہ طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا، کشمیر پر سفارتی اور قومی سطح پر بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر اور حریت قیادت نے اپنی مشترکہ سفارشات وزارت خارجہ کو دیدی ہیں۔ کشمیر کے معاملہ پر جارحانہ سفارتی پالیسی کی ضرورت ہے، کشمیر پر پاکستان کی سیاسی قیادت کو عملی یکجہتی کی ضرورت ہے۔

 فاروق حیدر نے کہا کہ مودی نے ہندوستان کو انتہاءپسندی کی انتہاءتک پہنچا دیا ہے، ہندوستان میں اصل اختیار 5 فیصد برہمن کے پاس ہے، تمام وسائل ان کے کنٹرول میں ہے، کورونا وائرس کے بعد دنیا کی ترجیحات تبدیل ہو گئی ہیں، کشمیر پہلے نمبر پر تھا۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کورونا کے باعث اقتصادی ترقی متاثر ہوئی دنیا بدل گئی، کشمیر پر پاکستان میں سیاسی یکجہتی کو عملی شکل دینے کی ضرورت ہے، پاکستان کی جغرافیائی حدود نے پھیلنا ہے، کشمیر نے اس کا حصہ بننا ہے۔

 چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر عید کے موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنے یہاں پہنچا ہوں۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ میرے ہمراہ کشمیر کمیٹی کے اراکین بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے پہنچے ہیں، وزیراعظم عمران خان کشمیر کے حقیقی سفیر کی حیثیت سے دنیا بھر میں اہم فورمز پر کشمیر کی آزادی کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، ہم کشمیر کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، کشمیر کی آزادی تک کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے، فاشسٹ مودی حکومت جان لے کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

 شہریار خان آفریدی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیر کا مقدمہ ہر فورم اور ہر میدان میں لڑیں گے، دشمن جان لے کشمیر کاز کیلئے پاکستان کے عوام، سیاسی جماعتیں اور مسلح افواج سمیت تمام سٹیک ہولڈرز متحد، یکسو اور یک جان ہیں۔

اے پی پی /ڈیسک/قرۃ العین