سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات

5

برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ: 21 جون ( اے پی پی): سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ،  اِگنازیو کاسِس، نے برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران سوئس وزیر خارجہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت  پر دستخط تک پہنچنے والے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے مؤثر ثالثی کردار کو سراہا اور اس عمل کے آئندہ مراحل میں تعاون اور معاونت کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سوئس حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب عمل درآمد خطے میں پائیدار امن اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی مسلسل سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوئس کمپنیاں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں گی۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان کے اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔ دونوں فریقین نے ادویہ سازی، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات میں کمی جیسے باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر سوئس وزیر خارجہ کو باہمی سہولت کے مطابق پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔