ملتان،24 اگست(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پرشہراولیاء میں سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری و ساری ہے ،ضلع کی چاروں تحصیلوں میں سڑکوں کی مرمت کا کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔
چیف آفیسر اقبال فرید نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن تعمیرومرمت کے69 منصوبوں پر2کروڑ8 لاکھ روپے خرچ کررہی ہے،عاشورہ محرم کے پیش نظر منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے،ڈپٹی کمشنر نے کنٹریکٹرز کو ادائیگی ترقیاتی کام کی کوالٹی سے مشروط کر دی ہے۔
چیف آفیسر اقبال فرید نے کہا ہے ممتازآباد،قدیرآباد اور پاک گیٹ کے ایریا میں سڑکوں کی کارپیٹنگ کا کام جاری ہے ہیں،دولت گیٹ،بوہڑ گیٹ ،شاہ شمس، گلگشت،قاسم بیلہ اور سورج میانی ایریا میں سڑکوں کی مرمت کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اندرون شہر اور دیگر ایریاز میں متعدد گلیوں میں ٹف ٹائل لگائی جارہی ہے،سڑکوں اور گلیوں کی تعمیرو مرمت کا80 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ سٹریٹ لائٹس بحال کردی گئی ہیں۔