ملتان ، 13 اگست (اے پی پی ):73 ویں جشن آزادی کو جوش و خروش سے منانے اور اپنے گھروں کو سجانے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد نے خریداری کرنے کے لیے بازاروں کا رخ کر لیا ہے ۔ شہر بھر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آتے ہی بازاروں میں لگے اسٹالز پر سجاوٹی سامان کے لیے بچے بڑے سب خریداری کرنے میں مصروف دیکھائی دے رہے ہیں تاکہ جشن آزادی کو جوش و خروش سے مناسکیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے لازوال قربانیوں سے وطن عزیز کو الگ آزاد مملکت بنا دیا، بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح کی سرپرستی میں آزاد ملک پاکستان کی بنیادوں میں ہمارے آبا و اجداد کا خون بھی شامل ہے ،زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرتیں، وطن عزیز پاکستان کلمہ طیب کے نام سے رمضان المبارک کی ستائسویں شب 14 اگست 1947 کو معرض وجود میں آیا ہم پاکستانی جشن آزادی کو جوش و خروش سے منانے کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔











