ملتان، 31اگست(اے پی پی ):ممکنہ سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دیا ہے اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر دریائی علاقوں میں رہنے والوں کو انخلاء کی وراننگ دے دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو فلڈ بند پر کیمپ لگانے کا حکم دیا ہے اور اسسٹنٹ کمشنرز کو تیاریاں خود مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو محمد طیب خان نے مختلف مواضعات کا دورہ کیا ، اسسٹنٹ کمشنر صدر شہزاد محبوب،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ،محکمہ انہار اورمحکمہ لائیو سٹاک کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو محمد طیب خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لک والا،چناب چوک،شیر شاہ اور محمد پور گھوٹہ سمیت چارمقامات پرریسکیو،محکمہ لائیو سٹاک،محکمہ انہار اور متعلقہ محکموں نے کیمپ لگا دئے ہیں،دریا کے بیڈ میں رہائش پذیر آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی وارننگ دے دی ہے۔ریسکیو 1122 کی بوٹس لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لئے موجود ہیں جبکہ پرائیوٹ کشتیوں کا ڈیٹا بھی مرتب کر لیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر لوگوں کے انخلاء کے لئے پرائیویٹ کشتیوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملتان کی حدود میں دریائے چناب سے 65 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے جبکہ ہیڈ تریموں سے پانی کا ڈسچارج 1 لاکھ 72 ہزار کیوسک ہے۔سیلابی پانی کے2ستمبر کو ملتان کی حدود میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
طیب خان نے بتایا کہ ماہرین کے مطابق اگر بارشوں نے شدت پیدا نہ کی تو ملتان کی حدود میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ گزشتہ دو ماہ سے فلڈ کے حوالے تیاریاں کررہی ہے،تمام محکمے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔