ملتان، 3اگست (اے پی پی ): نئے پاکستان میں سیاسی روایات میں خوبصورت تبدیلی کا آغاز،عید الاضحیٰ کے موقع پر شہر میں صفائی کے مثالی انتظامات پر حکومت مخالف جماعتوں کے کارکن بھی خوش نظر آئے، بہترین کارکردگی پر ن لیگ کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ معین قریشی نے شہر دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کے لئے پھولوں کا تحفہ پیش کیا، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے پھول پیش کرنے پر معین قریشی کا شکریہ بھی ادا کیا۔
چیف وہپ قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر اور وزیر اعلیٰ کے ترجمان ندیم قریشی بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے لئے ضلعی انتظامیہ سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کر کام کررہی ہے،ضلع ملتان کا ہر قریہ اور ہر گلی کو صاف ستھرارکھنا ہمارا فرض عین ہے۔
انہوں نے کہا کہ خراب واٹر فلٹریشن پلانٹ کی مرمت ایم پی اے ندیم قریشی کو ملنے والی گرانٹ سے کی جائے گی، اندرون شہر واقع ڈسپنسری میں سٹاف کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ندیم قریشی نے کہا کہ ملتان کی ترقی کی راہ میں سیاست کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا، میں نے اپنے حلقے میں تعمیرو ترقی کا سفر سیاست سے بالاتر ہو کر شروع کیا ہے، سیاسی مخالفین کی عزت و تکریم میری تربیت میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ سیاسی مخالفین حکومت کے اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں۔
اس موقع پر عامر ڈوگر نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے حکومت کی تعریف تبدیلی کی علامت ہے، مثبت تنقید کو بھی پی ٹی آئی خندہ پیشانی سے قبول کرتی ہے ،حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی۔
معین قریشی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ریاست کے ادارے ہیں، ریاست کے اداروں کی اچھی کارکردگی پر تعریف نہ کرنا کم ظرفی ہو گی ،ہمیں ملتان کی گلیوں اور محلوں سے محبت ہے،ملتان کی خوبصورتی اور صفائی کے لئے کام کرنیوالوں کواپنے ماتھے کا جھومر بنائیں گے۔
اے پی پی / نصیب الہی











