ملتان ،09اگست(اے پی پی): پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کے زیر اہتمام پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت نور الحسن پارک میں شجرکاری کی گئی ،کمشنر ملتان شان الحق نے پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر کمشنر ملتان شان الحق نے کہا کہ شہر میں شجرکاری سے آلودگی کو کنٹرول کرنے اور ماحول کو خوبصورت بنانے میں بھرپور مدد ملے گی، زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحول کو آلودگی سے بچایا جاسکتا ہے۔ماہ اگست میں بھرپور شجرکاری کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری شہر ملتان کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے ملتان اعجاز حسین جنجوعہ نے کہاکہ وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین وژن کو عملی جامہ پہنارہے ہیں۔بارہ سے چودہ فٹ کے درخت لگارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑے سائز کے درخت لگانے کا مقصد یہ ہے کہ وہ جلد سایہ دار درخت بن سکیں۔شہر کو خوبصورت اور سر سبز بنانے کا بھرپور عزم ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر ملک عابد محمود نے کہا کہ مقامی درختوں کے ساتھ ساتھ دیگر درختوں کی شجرکاری کر رہے ہیں۔ شہر میں 25 ہزار پودے لگائیں گے، بڑے درختوں کی شجرکاری کا مقصد درختوں کی نشونماءکو یقینی بنانا ہے۔ماہ اگست میں گرین بیلٹس اور پارکوں میں درختوں کی شجرکاری کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔تمام طبقہ ہائے فکر کو شجرکاری مہم میں حصہ لینا چاہیے ۔پارکوں اور گرین بیلٹس پر ہر فرد اپنے حصے کا پودا لگائیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ماحول مہیا کیا جاسکے۔اس کے علاوہ گرین بیلٹس اور پارکوں میں صفائی کا خیال رکھا جائے اور پودوں کی حفاظت کی جائے۔
چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ ملتان ،ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر ملک عابد محمود،ایم پی اے سلیم لابر،ایم پی اے و صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک ،ایم پی اے ندیم قریشی،وائس چیئرمین پی ایچ اے ایم ملک امجد اقبال اور ممبر بی او ڈی و سابق وائس چیئرمین پی ایچ اے ملتان محمد اقبال سیفی اور ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس پی ایچ اے روبینہ کوثر نے بھی پودے لگائے.اس موقع پر ٹائیگر فورس کے ارکان نے خصوصی طور پر شرکت کی اور انہوں نے چیئرمین پی ایچ اے کے ہمراہ درخت لگائے۔
وی این ایس ، ملتان











