موٹر وے پولیس کی جانب سے ہیڈ کواٹر سکھر میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب کا انعقاد

97

سکھر،14 اگست(اے پی پی ): پورے ملک کی طرح سکھر سیکٹر میں بھی یوم آزادی بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں رانی پور، روہڑی، گھوٹکی اور اوباڑو ٹول پلازہ پر موٹر وے پولیس کی جانب سے قومی پرچم و بینرز آویزاں کیے گئے اور سیکٹر کے تمام دفاتر میں تلاوت کلام پاک کے ساتھ پرچم کشائی کی شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا،جبکہ ٹریفک قوانین کے بارے میں روڈ یوزرس میں پمفلیٹ اور تحائف تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔

آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام کی خصوصی ہدایات پر سکھر سیکٹر میں موٹر وے پولیس کی جانب سے ہیڈ کواٹر سکھر میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایس ایس پی غلام سرور بھیو تھے، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور خصوصی دعاو ¿ں سے کیا گیا۔ اس موقع پر موٹر وے پولیس کے جوانوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور سرسبز پاکستان کے سلسلے میں پودا بھی لگایا گیا۔ بعد ازاں پاکستان کی74 ویں سالگرہ کا کیک کاٹنے کے بعد ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی قیادت میں سکھر ٹول پلازہ سے روہڑی ٹول پلازہ تک فلیگ مارچ کیا گیا، جس میں پاکستان سے محبت کے اظہار کے ساتھ، ٹریفک قوانین کی بالادستی اور روڈ حادثات پر قابو پانے کے لئے عام عوام کو آگاہی فراہم کی گئی۔

 سرسبز پاکستان کے سلسلے میں موٹر وے پولیس اور عام عوام نے مل کر پودے بھی لگائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو نے کہا کہ آئی جی موٹروے ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی ساو تھ ریجن ڈاکٹر آفتاب احمد پٹھان اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ ملک مطلوب احمد کی جانب سے تمام اہل وطن بشمول موٹر وے پولیس کے افسران و جوانوں کو جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، موٹر وے پولیس کے جوان ملک و قوم کی سلامتی اور حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریخ نہیں کریں گے،آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ بانی پاکستان محمد علی جناح کے فلسفے اور تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ملک کو ترقی کی طرف گامزن کریں گے۔