لاہور،27اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین راشد عزیز نے ملاقات کی اور وزیر اعلی عثمان بزدار کو پراجیکٹ کے حوالے سے اہم امور سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ تحریک انصاف کی حکومت کا گیم چینجر منصوبہ ہے اس کو جلد مکمل کیا جائے، ماضی میں کوئی حکومت اس منصوبے پر کام شروع نہ کر سکی ہے ۔
عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اس منصوبے کو شروع کرنے کا کریڈٹ ہماری حکومت کو جاتا ہے۔اس منصوبے کی معاشی، سماجی اور ماحولیاتی اہمیت اور ضرورت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ،معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں یہ منصوبہ انقلاب برپا کرے گا۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ لاہور میں ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے لئے اس پراجیکٹ کی بہت اہمیت ہے، اوورسیز پاکستانیوں، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کی محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع میسر ہوں گے، اور اس سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے ۔
عثمان بزدار نے کہا کہ 90فیصد مقامی اشیاء کے استعمال سے پاکستانی انڈسٹری کو فروغ ملے گا، یہ پراجیکٹ مستقبل میں کئی دہائیوں تک مثال بنے گا،وزیر اعلی عثمان بزدار نے اتھارٹی کے چیئرمین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔