وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ذاتی حیثیت میں نیب کے سامنے پیش

127

لاہور،12اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ذاتی حیثیت سے نیب کے سامنے پیش ہوا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ صرف ایک گاڑی میں بغیر پروٹوکول نیب کے دفتر گیا۔ نیب کے سامنے اپنا موقف پیش کیا اور لائسنس کے معاملے پر حقائق سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ لائسنس کے معاملے پر ابہام دور کرنے کیلئے حقائق نیب کے سامنے رکھے۔ الحمداللہ ہمارا دامن صاف ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ جب بھی بلایا جائے گا، اپنا موقف ضرور دوں گا۔ ہم آئینی اداروں کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔ نئے پاکستان میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔انھوں نے کہا کہ نیب میں پیش ہوکر قانون کی بالادستی کو تسلیم کرنے کی روایت قائم کی ہے۔عدالت اور خصوصی کمیشن میں بھی جا کر موقف پیش کر چکا ہوں۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ گزشتہ روز نیب کے دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی اور قانون شکنی کا مظاہرہ کیا گیا۔ قوم نے کل قانون شکنی اور آج قانون پسندی کا مظاہرہ دیکھا لیا ہے۔

قانون شکن عناصر نے خود کو ایکسپوز کیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ قانون کی پاسداری ہر شہری کا فرض ہے۔غلط کام نہ کیا ہے نہ کرنے دیں گے۔ پنجاب میں قانونی ضوابط کے مطابق امور حکومت چلا رہے۔