لاہور، 9اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شادمان مارکیٹ پارک میں ٹائیگر فورس ڈے پر انجیر کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس ڈے پر پنجاب بھر میں 12لاکھ سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں،شادمان مارکیٹ پارک میں پودے لگانے کی جاپانی تکنیک میاواکی کے تحت جنگل بسایا جا رہا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ جنگل میں 9 ہزار سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں، یہ پودے چند ماہ میں درخت بنیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اربن فاریسٹ سے ماحولیاتی آلودگی کم ہوگی، درخت لگا کر نئی نسلوں کو صاف اور سرسبز و شاداب پاکستان دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ درختوں کی دیکھ بھال کریں،ہم وزیراعظم عمران خان کے 10ارب سونامی ٹری کا ہدف پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں، ٹائیگر فورس کے جوان اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیالکوٹ میں بھی بڑے رقبے پر نیا جنگل بسائیں گے۔عوام، عوامی نمائندے اور نوجوان پودے لگائیں اور ان کی نگہداشت بھی کریں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو شجرکاری مہم کے تحت پودے لگانے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی اور ٹائیگر فورس کی کیپ پہنائی گئی۔انہوں نے ٹائیگر فورس کے جوانوں سے ملاقات کی اور جوانوں کے جذبے اور عزم کو سراہا۔
اے پی پی /لاہور/حامد











