پشاور، 29 اگست(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمودخان نے ہفتے کے روز صوبائی محکمہ داخلہ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور محرم الحرام خصوصا نویں اور دسویں محرم کے جلوسوں اور مجالس کے پر امن انعقاد کے لئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی، سیکرٹری داخلہ اکرام اللہ اور دیگر اعلی حکام اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر اعلی کو صوبہ بھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات اور دیگر ضروری اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ صوبے کے کل چودہ اضلاع میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس منعقد کئے جاتے ہیں جن کے پر امن انعقاد کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ محرم کے حوالے سے حساس علاقوں میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اضلاع کی سطح پر ان مجالس اور جلوسوں کی مانیڑنگ کے لئے کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں جن کو مرکزی کنٹرول روم کے ساتھ مسلسل رابطہ ہوتا ہے۔ تمام امام بارگاہوں کے ساتھ ساتھ جلوسوں کے راستوں کی سکیورٹی کے لئے پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اضافی نفری تعینات کئے گئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمرون اور ڈرون کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔
محرم الحرام کے لئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی نے حکام کو ہدایت کی دسویں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے پر امن انعقاد کے لئے درکار تمام تر سکیورٹی انتظامات کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلی کو محرم کے حوالے سے صوبے کے حساس علاقوں، صوبہ بھر مجالس اور جلوسوں کی تصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا ۔











