وزیر اعلی سندھ  کی میرپورخاص  آمد ، متوقع بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی  صدارت کی

102

 

میرپور  خاص،04اگست(اے پی پی ): محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد متوقع بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے   وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ میرپورخاص پہنچ گئے، کمشنر آفس میں متعلقہ افسران سے بریفنگ لی اور ہدایات بھی جاری کیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منتخب نمائندوں اور ڈویزنل انتظامیہ کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر میں یہاں آیا ہوں، میں نے ڈویزنل انتظامیہ کو پہلے بھی ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کی صورت میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے جبکہ عوام کی ایمرجنسی کی صورت میں پولیس اور ضلع انتظامیہ بھرپور مدد کرے۔

اس موقع پر کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص میں تین اضلاع ہیں، میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر ہمارے پاس بارشوں کے پیش نظر اربن فلڈنگ، ایل بی او ڈی ڈرین کا سسٹم اور آبپاشی کا نظام نکاسی کے لئے بہترین سہولتیں ہیں۔

 کمشنر  میرپورخاص نے مزید بتایا کہ میرپورخاص میں نئی رہائشی کالونیاں بنی ہیں انکا نکاسی کا نظام بہتر نہیں ہے، شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کے لئے موجود نکاسی کا نظام ناکافی ہے، ان تمام مسائل کا جائزہ لے کر پمپنگ مشینوں کا انتظام کیا گیا ہے اور اربن اور رورل نالوں کی صفائی کی گئی ہے، نالوں کی صفائی سے بارش کے پانی کی نکاسی آسانی سے ہوجائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ پوری ڈویزن میں 89 ڈرینیج پمپس موجود ہیں، 7 فائرنگ ٹینڈرز، 230 ہینڈ موونگ ٹرالیز اور 16 ٹریکٹرز اور ٹرالیز موجود ہیں،

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کو محکمہ آبپاشی کے چیف انجنیئر کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی اور اطمنان دلایا کہ ہم بارشوں کو فیس کر سکتے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ نے تمام منتخب نمائندوں کی تجاویز بھی سنیں بعد ازاں انہوں نے متعلقہ افسران سے مخاطب ہو کر کہا کہ مجھے امید ہے کہ تمام میونسپل، روینیو اسٹاف الرٹ رہے گا،میں کسی قسم کی شکایات نہیں سنوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بھرپور تیاری کی جائے، اگر کسی چیز کی ضرورت ہے تو بتائیں، 7 سے 9 اگست تک بارشیں متوقع ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام متعلقہ ملازمین کی چھٹیوں منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کی انہوں نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور لوکل باڈیز کے حکام سڑکوں پر کام کرتے نظر آئیں جبکہ  سندھ کی پوری ڈویزن میں 286 ریلیف کیمپس قائم کئے جائیں۔

اجلاس میں ایم این اے پیر آفتاب شاہ، صوبائی وزراء ناصر شاہ، ہری رام، ذوالفقار شاہ، شرجیل میمن، کمشنر اور ڈی آئی جی میرپورخاص اور ڈی سی ، ایس ایس پیز شریک تھے ۔

اے پی پی /میرپور خاص/نورین