وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا وفاقی وزراءکے ہمراہ حکومت کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

109

اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ماہی گیروں کو آسان قرضے دیں گے۔ حکومت کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے دیگر وفاقی وزراءکے ہمراہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے وزارت بحری امورسے متعلق نہیں سوچا بلکہ پورٹ قاسم کے پلاٹوں کی فروخت کی باتیں ہوتی تھیں،بلیو اکانومی کا تصورعوام کے لیے نیا تھا ، لوگ بلیو اکانومی سے متعلق پوچھتے تھے ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کے ذریعے ان کی وزارت کی کارکردگی کو سراہا ہے ، دنیا کے بڑے شہر پورٹ سٹی ہیں ، کوسٹل ٹورازم کی وجہ سے سمندر کنارے زمینیں مہنگی ہوتی ہیں ۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی زمین پر قبضے کر لیے گئے اور گزشتہ حکومتوں کے ایم پی ایز اس میں ملوث تھے ۔ ماضی کی حکومتوں نے ماہی گیری کے شعبے کو بھی نظر انداز کیا ،ہماری فشریز کی سالانہ ایکسپورٹ 450ملین ڈالر کے قریب ہیں ۔ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو معلوم ہوا کہ پاکستان کا فریٹ بل ساڑھے 5 ارب ڈالر بنتا تھا ، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے پاس 9جہاز تھے جس میں 2 نئے جہاز موگیس کے لیے شامل کیے گئے ،نئی شپنگ پالیسی میں مراعات دی گئی ہیں ۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی زمین کو ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کی ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس زمین کی قیمت 15ارب ڈالر ہے، اس کے حوالے سے پلان بنا رہے ہیں ، ماضی میں پورٹ قاسم میں ایک ایکڑ پلاٹ کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے لگتی تھی، سرکاری کاغذوں میں ڈیڑھ کروڑ شو کر کے باقی پیسے علیحدہ پکڑ لیے جاتے ، اب ہم نے پلاٹوں کے حوالے سے پورٹ قاسم کو زمین لیز کرنے کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاپان کے تعاون سے شعبہ فشریز کو جدید ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے منصوبے پر کام ہورہا ہے جس کے تحت فشریز مصنوعات کو یہیں پر پراسسینگ کر کے بیرون ممالک بھجوایا جائے گا ، ماہی گیروں کو ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں نئی ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے انہوں نے وزارت سنبھالی ہے اس کے بعد پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اپنے ذمہ 4.7ارب کا قرض واپس کرچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلپائن سی فیئرر کے ذریعے سالانہ 6ارب ڈالر کماتا ہے جبکہ اس حوالے سے ہماری آمدن 50ملین ڈالر سے بھی کم ہے