وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری کا حکومت کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ کے اجراءکے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب

134

اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ”میڈ ان پاکستان“ لوگو کے تحت مینوفیکچرنگ معیشت میں تبدیل کرینگے، ایک سال میں سرجیکل کی درآمدات 2 ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے، وزیراعظم عمران خان احتساب کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہیں، رواں سال کے دوران زراعت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ بدھ کو حکومت کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کرنے کے موقع پر پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بد عنوان عناصر کا بلا امتیاز احتساب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک تھا جو سائنس و ٹیکنالوجی پر جی ڈی پی کا 0.62فیصد خرچ کرتا تھاماضی کی حکومتوں میں یہ 0.26فیصد کی سطح تک گر گیا اور پاکستان واحد ملک تھا جس نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا بجٹ آدھا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسے بیسک سائنس سے اپلائیڈ سائنس کی طرف لے گئے۔ہماری کوششں سے تعلیمی سیکٹر میں بڑی کامیابی ملی اور پاکستان واشنگٹن معاہدہ کا حصہ بنا، جس سے اب پاکستانی انجینئرز کی ڈگری پوری دنیا میں تسلیم کی جائیگی۔زرعی شعبے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 500جدید فارم تشکیل دینے کا منصوبہ ہے،ان فارمز کو ڈرونز،بیچ سمیت دیگر ضروری سہولتیں دی جائینگی ہمارا مقصد غیر روایتی فصلوں کی کاشت سے ملکی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے بھر پور کام کیا ہے اور ہم نے دو ارب ڈالر برآمدات کا ہدف مقرر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کے بعد ہم نے طبی سامان کی ملکی سطح پر تیاری کا آغاز کر دیا اور آج اللہ کے فضل و کرم سے ہر ماہ ہم 250وینٹی لیٹر ملکی سطح پر تیار کر رہے ہیں جبکہ ہم اس صلاحیت کو 700 ماہانہ تک بڑھائیں گے۔اس کے علاوہ الیکڑو میگنیٹک انڈسٹری کیلئے سیالکوٹ میں خصوصی اقتصادی زون بنانے کا ہدف بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے رواں سال ڈائیلاسسز میں استعمال ہونے والی حساس ترین مشینری کی تیاری کا بھی آغاز کر دیا۔ اس کے علاوہ ہم نے ایک سال میں 2 ارب ڈالر مالیت کی سرجیکل مصنوعات برآمد کرنیکا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے غیر ملکی زرمبادلہ بچانے کیلئے ملکی سطح پر مختلف کیمیکلز کی تیاری کی بھی منصوبہ بندی کی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی سیاست میں کرپشن کوئی مسئلہ ہی نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیر عظم عمران خان احتساب کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔