پاکستان ریلویز  کا   17اگست سے 10ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان

135

لاہور، 15 اگست(اے پی پی ): وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید نے  کہا ہے کہ  پاکستان ریلویز نے 17اگست سے 10ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان کردیاہے ،جن ٹرینوں کو بحال کیا گیاہے ان میں ہزارہ ایکسپریس، فرید ایکسپریس ، رحمان بابا ایکسپریس،بدر ایکسپریس اور موہنجوداڑوایکسپریس شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر ریلویز شیخ رشید نے ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیرنے کہا کہ وزیر اعظم کے کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے سمارٹ لاک ڈاﺅن کے ویژن کو دنیا نے مثالی قرار دیا، آج سب سے بہتر صورتحال پاکستان کی ہے۔انہوں  نے  کہا کہ  سعودی عرب اور پاکستان میں کوئی دراڑ نہیں، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کل سعودی عرب جارہے ہیں، وہاں سے اچھی خبریں آئیں گی اورجو تھوڑی بہت غلط فہمیاں ہیں وہ دور ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا آزمودہ، حقیقی اور دل کے قریب دوست ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران اور آرمی چیف ایک پیج پر ہیں جہاں ضرورت پڑتی ہے ایک دوسرے کو مشورہ دیتے ہیں۔اس کے علاوہ  انہوں نے بتایا کہ اس سال بجلی سستی ہو گی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے جس سے ریلوے میں انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1861کے بچھے ٹریک کو بدلنے کیلئے مین لائن منصوبہ 3 مراحل میں مکمل ہو گا۔مین لائن ون(ایم ایل ون) فیز میں پشاور تاکراچی تک نیاٹریک بچھایاجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اب اوپر جارہا ہے جس کا ثبوت سٹاک ایکسچینج میں بہتری، ایم ایل ون منصوبہ،ٹیکسٹائل انڈسٹری چلنا، ایکسورٹ میں اضافہ و دیا میر بھاشا ڈیم سمیت دیگر منصوبے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیں جارہے، وزیراعظم عمران خان ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔