چترال میں اوپن شطرنج ٹورنمنٹ کا انعقاد، ملک بھر سے 52  کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں

582

چترال،15اگست(اے پی پی ): چترال شطرنج کلب اور صوابی شطرنج کلب کے اشتراک سے پہلی بار چترال میں اوپن شطرنج ٹورنمنٹ کا انعقاد ہوا، افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر چترال نے کی۔

بادشاہوں کا کھیل شطرنج  سویس سسٹم کے تحت چترال میں نو رونڈ پر مشتمل ہوگا۔ اس ٹورنمنٹ میں ملک بھر سے 52 کھلاڑی حصہ لے رہے  ہیں  جو بین الاقوامی سطح پر کھیل چکے ہیں۔ اس ٹورنمنٹ میں چار رونڈ پہلے دن مکمل ہوں  گے   جبکہ اختتامی تقریبات تک پانچ رونڈ مزید مکمل کئے جائیں گے۔

ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اخونزادہ عبد الرحمت نے کہا کہ ضلعی سپورٹس دفتر ایسے تمام کھیل کو ترویج دینے کیلئے کوشاں ہے جو نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچاکر مثبت سرگرمیوں میں مشغول رکھتا ہے۔ اس ٹورنمنٹ میں حصہ لینے والے ایک مقامی کھلاڑی عظیم الدین کا کہنا ہے کہ وہ پچھلے پچپن سالوں سے شطرنج کھیل رہا ہے اور وہ نہ صرف خود یہ بادشاہوں  کا کھیل کھیلتا ہے بلکہ اس  کی اہلیہ اور بیٹے اور بیٹیاں بھی آپس میں مل بیٹھ کر شطرنج کھیلتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چترال میں ٹیلنٹ بہت ہے مگر اس کھیل کو ابھی تک حکومت کی سرپرستی حاصل نہیں ہے ہم نے چترال میں کرائے کا ایک کمرہ پکڑا ہوا ہے اور اس میں بیٹھ کر شطرنج  کھیلتے ہیں۔

اس ٹورنمنٹ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والا  ایک ایسا ضعیف العمر کھلاڑی بھی ہے جن کا عمر 82 سال ہے اور وہ اتنی دور سے اس لئے آیا کہ چترال کے نوجوانوں کا حوصلہ افذائی کرسکے اور ان کو اس بادشاہوں کی کھیل کی طرف راغب کرے۔