یوم استحصال  کشمیر ؛پاکستان  قونصلیٹ  جدہ میں تقریب،بھارتی مظالم پر مبنی دستاویزی فلم پیش کی گئی

356

جدہ، 06اگست(اے پی پی):پاکستان  قونصلیٹ  جدہ میں 5 اگست ”یوم استحصال  کشمیر “ کے موقع پر  ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا  جس کے مہمان خصوصی میڈیا کنسلٹنٹ منصور نظام ایڈین تھے۔

تقریب میں   وادی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق ایک مختصر دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جبکہ صدر پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان، وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی کے پیغاما ت بھی پڑھ کر سنائے گئے۔اس موقع پر  پاکستان کا نیا نقشہ بھی اسکرین پر دکھایا گیا۔

قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں گزشتہ سال 5 اگست کے ہندوستان کی غیرقانونی اور یکطرفہ کارروائیوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کو پنجرے میں تبدیل کرنے کے باوجود، ہندوستان آزادی پسند کشمیری عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کی ناقابل قبول کارروائیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لئے حکومت پاکستان کے مختلف بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے  اپیل کی کہ ہم سب کو اجتماعی کاوشوں کے ذریعہ بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لئے انفرادی اور اجتماعی طور پر اس مسئلے کو ہر فورم پر اٹھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔مہمان خصوصی منصور نظام ایڈین نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مملکت سعودی عرب کشمیر کے مقصد کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

چیئرمین کمیٹی کمیٹی  مسعود پوری، جنرل سکریٹری، جموں و کشمیر اوورسیز کمیونٹی سردار وقاص، نائب صدر اوورسیز کشمیر کمیونٹی  چودھری معروف حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر  کا مقدمہ  بیرون دنیا تک پہنچانے کیلئے آزاد کشمیر کے رہنماؤں  کو  باہر بھیجا جائے تاکہ وہ زیادہ بہتر  انداز میں کشمیر کا مقدمہ  پیش کرسکیں۔

نائب صدر جموں و کشمیر اوورسیز کمیٹی   اور ممبر کشمیر کمیٹی جدہ پرویز یوسف نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  کشمیر تقسیم ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔

او آئی سی میں  پاکستان کے مستقل مندوب  سفیر  رضوان سعید شیخ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی شناخت پر حملہ کیا ہے اور بھارتی قبضے کا معاشی نتیجہ کشمیریوں کے لئے 4 ارب ڈالر کا نقصان ہے۔ انہوں نے حق خود ارادیت کے حق میں جائز جدوجہد میں مظلوم کشمیریوں کی  مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھنے کی بھی تصدیق کی۔

انہوں نے پاکستان کے نئے سیاسی نقشہ کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 وی این ایس ، جدہ