گلگت : کشمیرریلی میں گورنر گلگت بلتستان  کا عالمی راہنماؤں سے بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کا مطالبہ

94

گلگت   5  اگست (اے پی پی) ملک بھر کی طرح گلگت میں بھی یوم استحصال کشمیر اس عزم کے ساتھ منایا گیا  کہ مظلوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم،جبر اور استحصال کو ہر حال میں ختم کرنے میں ہر طرح کی اخلاقی اور سفارتی کوششیں جاری رکھی جائے گی۔ اس دن کی مناسبت سے گورنر ہاوس گلگت سے گورنر گلگت بلتستان  راجہ جلال حسین مقپون کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی ۔جس میں نگران صوبائی حکومت کے وزراء، اعلیٰ سول و عسکری  قیادت،سول سوسائٹی کے اراکین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ریلی ہائی سکول نمبر 1  پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔اس موقع پر شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئےگورنر گلگت بلتستان راجہ جلال  نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمان پچھلے 72 سالوں سے بھارتی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف برسرِ ے پیکار ہیں۔

بھارتی افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے ظلم اور بربریت کے باوجود ان کی جدو جہد آزادی میں ذرا بھر بھی کمی نہیں آئی۔انہوں نے کہا ہے کہ پچھلے سال اسی دن پانچ اگست کو بھارتی حکومت نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت اور خودمختاری کو ختم کر کے وہاں کی عوام کو فوجی محاصرے میں رکھا ہوا ہے اور کشمیری رہنماؤں کو نظر بند کیا ہوا ہے جو کی بین الاقوامی قوانین کے سراسر خلاف ورزی ہے۔گور نر گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ آ ر ایس ایس کا دہشتگرد نریندر مودی جو کہ بد قسمتی سے ہندوستان کا وزیراعظم ہے  جس نے نہ صرف کشمیری مسلمانوں کو بلکہ پورے ہندوستان کو آ گ کے شعلوں میں جھونک دیا ہے۔وہاں امتیازی قانون سازی کے ذریعے مسلمانوں کو ان کو حقوق سے محروم رکھا جا رھا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج بچوں،بزرگوں اور خواتین کو بھی سرے عام تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرکے بھارتی حکومت اور مودی کے مکرو چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے۔اقوام متحدہ کے سربراہ اجلاس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کشمیر کے مسئلے کو مدلل انداز میں پیش کر کے عالمی راہنماؤں کو اس مسلئے کی اہمیت اور وہاں پر بھارتی ظلم اور استحصال سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قائدانہ صلاحیت اور کامیاب سفارت کاری کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے،اسی لئے امریکی صدر نے اس اہم مسئلے پر ثالثی کی پیشکش بھی کی اور عالمی راہنماؤں نے اس مسلئے بارے اپنی تشویش کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے5 اگست کو ہوم استحصال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور مقبوضہ کشمیر کو پاکستان کے سرکاری سیاسی نقشے میں باقاعدہ طور شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے اور کشمیر ہائی وے کو سری نگر ہائی وے کا نام  دینے کا اعلان کیا ہے،جو کہ کشمیر کی  آزادی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان نے عالمی راہنماؤں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیں اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کے لیے  اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا ہے کہ میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ گلگت بلتستان کی عوام اور حکومت ہر سطح پران کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنی  خصوصی رحمت کے ذریعے کشمیری پر ہونے والے مظالم دور کر دے۔

وی این ایس