عالمگیر منڈی میں مسابقت کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بہتر پیکیجنگ اور برانڈنگ وقت کی ضرورت ہے: رانا احسان افضل

8

اسلام آباد، 4 ستمبر(اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو خام زرعی اجناس پر انحصار کے بجائے ویلیو ایڈیشن، برانڈنگ اور جدید پیداواری طریقوں کو فروغ دینا ہوگا تاکہ عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقتی حیثیت مزید مضبوط ہو۔

ہائی ویلیو ایگریکلچر ایکسپورٹ پوٹینشل کے حوالے سے گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث خام اجناس پر انحصار کے بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کے آم، پھل، خشک میوہ جات اور دیگر زرعی مصنوعات میں وسیع برآمدی امکانات موجود ہیں جنہیں بہتر پیکیجنگ، برانڈنگ اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کے لیے کاروباری اور ریگولیٹری ماحول کو مزید سہل بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ برآمدی شعبے میں غیر ضروری تقاضوں کا جائزہ لے کر بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔

رانا احسان افضل خان نے کہا کہ برآمد کنندگان خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مالی سہولیات میں بہتری لائی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے، جدید ٹیکنالوجی اپنانے اور زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جدید مشینری اور ٹیکنالوجی تک رسائی آسان بنانے، برآمدی شعبے کو مالی معاونت فراہم کرنے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط سے متعلق رہنمائی کا نظام مضبوط بنانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، نجی شعبے کے تعاون اور حکومتی سہولت کاری سے اس صلاحیت کو برآمدی کامیابی میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔