شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس، وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی کی تاجکستان کے وزیر خارجہ  کے ساتھ ملاقات

0
157

ماسکو، 09ستمبر ( اے پی پی): ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تاجکستان کے وزیر خارجہ  سراج الدین مہریدین کے ساتھ ملاقات کی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اسے مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اہم علاقائی و عالمی امور پر ایس سی او سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور تاجکستان کے نکتہ نظر میں مماثلت کا پایہ جانا خوش آئند ہے ۔پاکستان اور تاجکستان کے مابین مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے جوائنٹ منسٹیریل گروپ اور کثیر الجہتی جوائنٹ ورکنگ گروپس اہم فورمز ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل، سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتے رہے گا ۔ بھارت، بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ پاکستان عالمی برادری کو بھارتی عزائم سے مسلسل باخبر رکھے ہوئے ہے ۔  بھارت، اپنی ہندوتوا سوچ کے ذریعے پورے خطے کے امن و استحکام کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے ۔

وزیر خارجہ نے اپنے تاجک ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے کی جانیوالی کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری، صنعت و حرفت، ٹرانسپورٹ، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کرونا وبائی صورتحال اور اس وبائی عفریت پر قابو پانے کیلئے اپنائے گئے موثر اقدامات پر بھی تبادلہ ء خیال ہوا۔

ماسکو میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ ظہور احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔