وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

100

اسلام آباد ، 16 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازسے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزبی نے ملاقات کی ہے   جس میں تجارت اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لئے کاروباری اور تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق ہوا۔

 ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ اعتقاد، ثقافت اور ورثے کی بنیاد پر قریبی اور برادرانہ تعلقاتِ ہیں، پاکستان تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے  کہا کہ  دونوں برادر ممالک کے مابین معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

 سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ دوطرفہ تجارت باہمی تعلقات کی گہرائی کو حقیقی طور پر ظاہر نہیں کرتی ہے اور تجارت کے حجم میں اضافہ کے بے شمار مواقع ہیں۔ انہوں کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سارے مواقع ہیں۔

 متحدہ عرب امارات کے سفیر نے امارات کی ترقی میں پاکستانی برادری کے کردار کو سراہا۔