کسان اتحاد کسانوں کی نمائندگی کی بجائے واپڈا کا معاشی استحصال کررہا ہے؛ ایکسیئن میپکو بورے والا

98

بورے والا،17 ستمبر(اے پی پی ): ایکسیئن میپکو فیاض احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ کسان اتحاد کسانوں کی نمائندگی کی بجائے واپڈا کا معاشی استحصال کررہا ہے۔میپکو سرکل وہاڑی میں کسان اتحاد کے ذمہ 2 ارب سے زائد کے واجبات واجب الادا ہیں اس سال 50 کروڑ  میں سے 34 کروڑ روپے کے بل بورے والا کے کسانوں کے ذمہ واجب الادا ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کسان ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت کسانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے لیکن کسانوں کے نام پر میپکو کا معاشی استحصال قابل تشویش ہے۔

فیاض احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ خطیر رقم کی عدم ادائیگی کی وجہ سے میپکو مالی بحران کا شکار ہے۔ کسانوں کے جائز کام کرنا ہماری ذمہ داری ہے لیکن کسان اتحاد کا نام استعمال کر کے کسی کو بجلی چوری نہیں کرنے دی جائے گی اور بجلی کے بلوں کی وصولی ہر ممکن یقینی بنائی جائے گی۔

فیاض احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ میپکو نے جو بھی میٹر منقطع کئے تھے انکے ذمہ بل واجب الادا تھے اور یہ کبھی نہیں ہونے دیا جائے گا کہ کوئی صارف بجلی استعمال کرے اور بل جمع نہ کروائے اربوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی سے دیگر صارفین کو دی جانے والی سہولیات بھی متاثر ہورہی ہیں اگر کسانوں کے ذمہ واجبات کی وصولی ہوجائے تو میپکو اپنے سسٹم کو مزید آپ گریڈ کر کے صارفین کو درپیش مشکلات میں مزید کمی کرسکتا ہے۔