وہاڑی ؛ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا مختلف سکولوں کا  دورہ  ،  کورونا ایس او پیز کا جائزہ لیا

0
24

وہاڑی،16 ستمبر(اے پی پی ): صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے آج وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے دورہ میلسی سے قبل وہاڑی کا اچانک دورہ کیا۔وزیر تعلیم نے مختلف سکولوں میں کورونا کے حوالے سے ایس او پیز کا جائزہ لیا اور ایس او پیز پر عمل درآمد کو تسلی بخش قرار دیا۔

دورہ کے دوران  انہوں نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول اور ایم سی گرلز ہائی سکول کے مختلف کلاس رومز میں جاکر کورونا کے حوالہ سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے بعد انہیں تسلی بخش قرار دیا۔

 صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور عمل درآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کو سیل کردیا جائے گا، سکولوں کے سربراہان اور تعلیمی افسران ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔