کیپٹل سٹی پولیس  پشاور  کی   کارروائی  ، اسلحہ  کی بھاری کھیپ برآمد کرکے ملزم گرفتار  کر دیا

102

پشاور، 16 ستمبر(اے پی پی):کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کے دوران اسلحہ کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی جسے موٹر کار کے ذریعے پنجاب سمگل کیا جا رہا تھا۔

پولیس ترجمان کےمطابق گزشتہ روز ایس ایس پی آپریشنز منصور امان کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر ایس پی رورل وقار خان کی سربراہی میں ڈی ایس پی چمکنی لقمان خان اور ایس ایچ او تھانہ چمکنی حفیظ الرحمن نے کاروائی کرتے ہوئے موٹر وے ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک موٹر کار کو روک کر گاڑی کے خفیہ خانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔

 برآمد ہونے والے اسلحہ میں 278 پستول، 40 عدد رائفل اور 5 ہزار کارتوس شامل ہیں جبکہ کاروائی کے دوران اسلحہ سمگلر کو بھی گرفتار کر لیا گیا جس کا تعلق ملاکنڈ سے ہے۔

 گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اسلحہ پنجاب سمگل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مختلف زاویوں پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔