اراکین اسمبلی کے جائز مسائل فوری حل کئے جائیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  

101

لاہور،29ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے کہا ہے کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، اراکین اسمبلی کے جائز مسائل فوری حل کئے جائیں گے۔

منگل کو یہاں مختلف اضلاع کے  اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات  کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و بازو ہیں ،انہیں عزت و احترام دیں گے۔ سردار عثمان بزدار   نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں، تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے  سفر کومزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔

 منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں اور علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر  وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

اس موقع پر اراکین اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت اور پالیسیوں پر پورا اعتماد ہے۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں،عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں چودھری اشرف علی انصاری، محمد غیاث الدین،  محمد فیصل خان  نیازی اور میاں جلیل احمد  شرقپوری شامل تھے۔