استحکام پاکستان کیلئے مذہبی ہم آہنگی بہت ضروری ہے: وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور  الحق قادری

138

لاہور،19 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور  الحق قادری نے کہا  ہے  کہ پاکستان کی تاریخ میں علما کا کردار بہت اہم رہا ہے، استحکام پاکستان کیلئے مذہبی ہم آہنگی بہت ضروری ہے ۔

اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ ایک ہمارا مذہب کا رشتہ ہے اور ایک انسانیت کا رشتہ ہے پھر ایک اور رشتہ پاکستانیت کا ہے جوکہ ہمیں بطور شہری مساوات کا درس دیتا ہے۔

ہندوستان  کے مسلمانوں اور اقلیتوں پر مظالم پر انھوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا سیکولر ملک خود کو کہتا ہے مگر وہاں اقلیتوں کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے ۔انہوں  نے کہا کہ پیاز مہنگا ہونے پر ہمیں ریاست مدینہ کا طعنہ نہ دیا جائے کیونکہ پاکستان میں ایک سازش کے تحت 80 کی دہائی کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے،اس  وقت حکومت کو مشکلات ضرور ہیں لیکن اسکا حل بھی جلد نکالیں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور  الحق قادری نے مزید  کہا کہ پاکستان پوری اسلامی دنیا کی رہبری کیلئے بنایا گیا ملک ہے۔