ملتان،30 ستمبر ( اےپی پی): انڈر 12 بیس بال ایشیاء کپ کی تیاری کے سلسلہ میں بیس بال اکیڈمی ملتان کے زیرِ اہتمام ساؤتھ پنجاب کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز ایم سی جی گراونڈ نواں شہر ملتان میں منعقد ہوئے جس میں بارہ سال تک کے کم عمر بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر محمد جمیل کامران چیف ایگزیکٹو اکیڈمی نے ٹرائلز کی نگرانی کی جبکہ عدنان نعیم ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان نے ان ٹرائلز میں خصوصی شرکت کی۔ ساجد رشید، حسن جمیل، عثمان شوکت اور سمیرزوار پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی بیٹنگ پچنگ اور فیلڈنگ کی جانچ پڑتال کی جبکہ محبوب اقبال نے کھلاڑیوں کا فزیکل ٹیسٹ لیا. محمد جمیل کامران چیف ایگزیکٹو SKS بیس بال اکیڈمی ملتان نے کہا کہ آئندہ سال تائیوان میں منعقد ہونے والے انڈر 12 بیس بال ایشیاء کپ کی تیاری کے سلسلہ میں ملتان میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے ہیں اور خوش آئند بات یہ ہے کہ نیا ٹیلنٹ بھی کافی تعداد میں سامنے آیا ہے۔ جن کو اکیڈمی میں بھرپور ٹریننگ دی جائے گی تاکہ اس ایونٹ میں پاکستان بھرپور طریقے سے شرکت کرے اور اس ایونٹ کو جیتنے میں کامیاب ہوں. عدنان نعیم ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان نے کہا کہ ملتان نے ہمیشہ بیس بال میں بھر پور حصہ لیا ہے اور آج یہاں کم عمر بچوں کے جوش و خروش کو دیکھ لگ رہا ہے کہ اس کھیل کا مستقبل بھی ملتان میں تابناک ہے. اس موقع پر کھلاڑیوں کو بیس بال کی ابتدائی ٹریننگ بھی دی گئی۔











