ژوب،20 ستمبر(اے پی پی ): وزیراعظم عمران خان کے کوآرڈینیٹر احمد خان نیازی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو کسی صورت این آر او نہیں دینگے، اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے حکومت مخالف حربے ناکام ثابت ہونگے، جنہوں نے عوام کے پیسوں سے لندن میں جائیدادیں بنائی ، وہی لوگ آج حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔
اتوار کو یہاں مرکزی جنرل سیکرٹری ممبر قومی اسمبلی امیر محمود کیانی کے ہمراہ عظیم الشان ورکر کنونشن سے خطاب میں احمد خان نیازی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بہتر پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت دن بہ دن بہتر ہوتی جارہی ہے، وزیر اعظم کا دل بلوچستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، انشاء اللہ 2023 میں بھی پاکستان تحریک انصاف مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائینگے۔
مرکزی جنرل سیکرٹری ممبر قومی اسمبلی امیر محمود کیانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، انہوں نے ملک سے کرپشن کے مکمل خاتمے کا عہد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کی پسماندگی ختم کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، بلوچ پشتون محب وطن ہے، ہمیں آپنے کارکنوں پر فخر ہے۔
عامر محمود کیانی نے کہاکہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، پی ٹی آئی حکومت بلوچستان کےاحساس محرومیوں کو جلد ختم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام، ہیلتھ کارڈ اور کامیاب جوان پروگرام سے لاکھوں مستحق لوگ مستفید ہورہے ہیں۔