ملتان،23 ستمبر(اے پی پی ): چیئرمین پنجاب اووسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان مخدوم شعیب اکمل ہاشمی نے کہا ہے کہ برصغیر کے امن سے ہی پوری دنیا میں امن ممکن ہے اور برصغیر میں امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں اگر عالمی طاقتیں نہیں چاہتی کہ پاک بھارت ایٹمی جنگ ہو تو وہ فی الفور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروائیں۔
ان خیالات کا اظہار عالمی یوم امن کے موقع پر پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان اور ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیر اہتمام شمع بناسپتی و کوکنگ آئل ملتان اور ویز واش ملتان کے تعاون سے دفتر OPC ملتان میں منعقدہ خصوصی سیمینار ”ظلم رہے اور امن بھی ہو“ سے صدارتی خطاب میں کیا۔ جس کے مہمانان گرامی میں ڈائریکٹر حج ملتان ملک ریحان عباس کھوکھر،خاتون سماجی رہنما مسز طاہرہ نجم،صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، پرنسپل گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول میاں محمد ماجد اور مارکیٹنگ منیجر شمع بناسپتی عمران اعظمی شامل تھے۔
چیئرمین پنجاب اووسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان مخدوم شعیب اکمل ہاشمی نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی قوم تب تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک کہ اس میں امن نا ہو پاکستان میں قیام امن کے لئے افواج پاکستان، سکیورٹی اداروں اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں آج کا پر امن پاکستان انہی قربانیوں کا ثمر ہے
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک ریحان عباس کھوکھر نے کہا کہ جہاں ظلم ہو وہاں امن کا قیام ممکن نہی اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوائے اور کشمیر میں غیر کشمیریوں کی غیر قانونی آباد کاری رکوائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اساتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نئی نسل میں امن کے فروغ و اہمیت کو اجاگر کریں، اساتذہ قوموں کے معمار ہوتے ہیں، اچھا استاد اچھی نسل کی پرورش اور تعلیم و تربیت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بھی بچوں کی بہترین نشو و نما کریں تاکہ وہ ملک کے ذمہ دار شہری بن کر ملکی تعمیر و ترقی اور امن و استحکام میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
اس موقع پر دیگر مقررین نے کہا کہ دنیا میں بد امنی کی سب سے بڑی وجہ عالمی طاقتوں کا دہرا معیار ہے، کہیں غیر مسلم کا مسئلہ ہو تو یہ طاقتیں چیخ اٹھتی ہیں اور مسلمانوں کے قتل عام پر یہ چپ سادھ لیتی ہیں اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں انصاف پسندی سے کام لیں اور مسلمانوں خاص کر کشمیر میں پچھلے 413 روز سے جاری کرفیو کا نوٹس لیں ۔
سیمینار کے اختتام پر یکجہتی کشمیر امن واک کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر کو امن دو کے نعرے لگائے۔
اے پی پی /ملتان/نورین