بورےوالا پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف  کارروائیاں جاری،6 ملزمان گرفتار

98

بورے والا ،09 ستمبر(اے پی پی ): تھانہ فتح شاہ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف  کارروائیاں جاری ہیں ،ڈکیتی،راہزنی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک جرائم پیشہ افراد پر مشتمل دو گروہوں کے 6 ارکان گرفتار کر کے انکے قبضہ سے 8 لاکھ سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

کارروائیاں ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان کی ہدایت پر  ڈی ایس پی شمس الدین کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ فتح شاہ شاہد اسحاق گجر اور انکی ٹیم نے کی ۔

ایک کارروائی کے دوران ڈکیتی اورراہزنی کی وارداتوں میں ملوث زاہد عرف زیدی گینگ کے چار ارکان زاہد اکرم،فلک شیر عرف ملنگ،الطاف اور غلام حسین گرفتار کر لیے جبکہ ملزمان  سے تین مختلف وارداتوں میں لوٹی ہوئی رقم اور طلائی زیورات جنکی مالیت ساڑھے چار لاکھ سے زائد ہے بھی برآمد کر لی۔

دورانِ کارروائی ملزمان کے  قبضہ سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا بھاری اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

 تھانہ فتح شاہ پولیس نے ایک اور کارروائی کے دوران ڈکیتی اور نقب زنی کی 11 سے زائد وارداتوں میں ملوث گروہ کے دو ارکان اکرام ڈھڈی اور غلام قادر کو گرفتار کر کے دوران تفتیش ان سے ساڑھے تین لاکھ روپے مالیت کے دو موٹر سائیکل اور نقدی کے علاوہ وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔

ان خطرناک جرائم پیشہ گروہوں کی گرفتاری پر ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان کا کہنا ہے کہ ضلع وہاڑی کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لئے پولیس دن رات محنت کررہی ہے اور معاشرے کے ان ناسوروں کو جو عوام کی جان و مال کے دشمن ہیں انکے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے اور ضلع وہاڑی میں انکو چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی۔