بہاولپور:ڈی سی مظفر خاں سیال کی زیر صدارت اجلاس، ایڈیشنل رنگ روڈ بہاول پور کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا گیا

97

  بہاولپور ، 25 ستمبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر مظفر خاں سیال کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہواجس میں ایڈیشنل رنگ روڈ بہاول پور کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایڈیشنل رنگ روڈ بہاولپور کے تعمیراتی کام اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران موقع پر جا کر تعمیراتی کاموں کا معائنہ کریں اور تجاوزات کا خاتمہ فوری کیا جائے۔

 اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے بتایا کہ ایڈیشنل رنگ روڈ بہاولپور جس کی لمبائی 10.5کلومیٹر ہے ریلوے اسٹیشن سے بہاول پور کینسر ہسپتال براستہ بندرہ پلی، دیوان پلی، صدر پلی، کالی پلی پر مشتمل ہے جس کا تخمینہ لاگت 1153ملین روپے سے زائد ہے اور اب تک 448.309ملین روپے کے فنڈز استعمال کئے جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل رنگ روڈ بہاول پور کے فیز Iکے تحت بندرہ پلی سے دیوان پلی تک 2.76کلومیٹر روڈ تعمیر کر لی گئی ہے اور فیز IIکے تعمیراتی کام جاری ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ایکسئن ہائی ویز، محکمہ جنگلات، میپکو، محکمہ انہار اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔