جنوبی پنجاب کے 11اضلاع میں تعلیمی میدان میں انقلابی تبدیلیوں کے لئے موثر اور مضبوط اقدامات کئے جائیں گے: ڈاکٹر احتشام انور

110

ملتان ،16ستمبر(اے پی پی ):سیکرٹر ی تعلیم جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے 11اضلاع میں تعلیمی میدان میں انقلابی تبدیلیوں کے لئے موثر اور مضبوط اقدامات کئے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے محکمہ تعلیم کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں نئے دور کا آغاز کیا جائے گا جس میں روائتی طریقہ کار سے ہٹ کر تعلیمی اداروں میں جدید انداز میں تعلیم و تربیت فراہم کی جائے گی۔ سیکرٹری تعلیم احتشام انور نے کہا کہ سکولوں کی ظاہری حالت بدلنے کے لئے ”گرین سکولز “کے سلوگن پر عمل در آمد کرتے ہوئے سکولوںمیں شجرکاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور نتائج میں بہتری کے لئے محکمہ تعلیم کے سارے افسران کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور جدید عصری تقاضوں اور علوم سے استفادہ کرکے نتائج دینا ہوںگے۔ سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب نے کہا کہ کورونا وباءکے پیش نظر سکولوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے افسران خود فیلڈز کا دورہ کریں اور ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے افسران خود کو متحرک اور فعال کریں کیوں کہ اب یہاں سستی اور کام چوری کی گنجائش بالکل نہیں ہے۔

سیکرٹری تعلیم نے کہاکہ سکولوں میں صفائی ستھرائی اور ڈسپلن کے ساتھ ساتھ بچوں میں اخلاقی اقد ار کا فروغ ہماری پہلی ترجیح ہوگی۔ بچوں کو کارآمد اور کامیاب انسان بنانے کے لئے سکولوں میں سماجی قدروں کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی، جدید تعلیمی اداروں کی طرز پر سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور والدین کی میٹنگ کے انعقاد، ڈائری سسٹم کے اجراءاور نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں لٹریچر فیسٹیول اور سکول اولمپک کے مقابلے بھی کروائے جائیں گے تاکہ بچے کھیل کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں۔

اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز کالجز، ایجوکیشن اتھارٹیز کے ایگزیکٹو افسرا ن اور ملتان، ڈیرہ غازیخان اور بہاولپور کے تعلیمی بورڈ زکے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔