حضرت غوث بہاوالدین زکریا ملتانی کے781ویں عرس کی تیاریاں جاری ، عرس پانچ صفرالمظفر کو شروع ہو گا

191

ملتان، 12ستمبر(اے پی پی):حضرت غوث بہاوالدین زکریا ملتانی کے781ویں عرس کی تیاریاں جاری ہیں،تین روزہ عرس پانچ صفرالمظفر کو شروع ہو گا۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرس کے سلسلے میں زکریا کانفرنس27 ستمبر کو بہاالدین زکریایونیورسٹی  میں منعقد ہو گی،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کانفرنس میں بطورمہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، ریلوے، ریسکیو،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی،سول ڈیفنس اور واسا عرس کے ایام میں قلعہ پر کیمپ لگائیں گے،میپکو ملتان بجلی کی بلا تعطل سپلائی کے لئے ہیوی جنریٹر کا انتظام کرے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زائرین کے لئے رہائش گاہوں میں بجلی اور پانی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور رہائش گاہوں میں ڈینگی سپرے کیا جائے، بسوں کی پارکنگ کے لئے واٹرورکس روڈ پر انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اور واسا نے محرم الحرام کے موقع پربہترین انتظامات کئے، توقع ہے عرس کے موقع پر بھی بہتر  کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گا،انتظامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ عرس کے موقع پر صوبہ سندھ سے آنے والی ریل گاڑیوں میں اضافی بوگیاں لگائی جائیں گی اور ریلوے اسٹیشن پر بھی زائرین کے لئے علیحدہ بکنگ کاونٹر قائم کئے جائیں گے۔

اجلاس میں  ایس پی سٹی جاوید خان،اے سی صدر  شہزادمحبوب،اور سیکرٹری آر ٹی اے احمد رضا ،ایڈمنسٹریٹر اوقاف راناطارق اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اشد ملک،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ اور سول ڈیفنس آفیسرفاطمہ خان اور ڈاکٹرصدیق خان قادری نے بھی شرکت کی۔