لاہور, ستمبر 7(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہربنس پورہ رنگ روڈکے قریب ریسکیو1122سٹیشن کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے دیگر علاقوں میں قائم ریسکیو 1122 کے 5 سٹیشن کا بھی افتتاح کیا۔
ہربنس پورہ کے ساتھ دیگر سٹیشن شادباغ، اندرون شہر، مراکہ اور کوٹ عبدالمالک میں قائم کئے گئے ہیں ۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے ریسکیو1122 سٹیشن کی نقاب کشائی کی اور ریسکیو1122 سٹیشن کا دورہ بھی کیاریسکیو کے عملے کی جانب سے ریسکیو کا عملی مظاہرہ دیکھا فائر بریگیڈ کی گاڑی اور ایمبولینس کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ریسکیو 1122 واحد ادارہ ہے جس پر جتنا رشک کر سکیں اتنا کم ہے اس ادارے نے ہر مشکل میں چاہے سیلاب ہو آگ ہو یا کوئی بھی ایمرجنسی ہو جس طرح عوام کی خدمت کی ہے وہ قابل تعریف ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا دائرہ کار بڑھا کر تمام تحصیلوں تک کر دیا ہے اور موٹرسائیکل سکواڈ کو بھی تمام ضلعی ہیڈ کوارٹر تک لے کر جا رہے ہیں جبکہ اسے پنجاب دور دراز پہاڑوں تک توسیع دینا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں کے ریسکیو ورکرز کو بھی پنجاب میں ٹریننگ دے رہے ہیں تاکہ وہ اپنے صوبے میں عوام کی بہتر خدمت کر سکیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ریسکیو 1122 کی ٹیم قوم کی خدمت کے جذبے سے باہر نکلتی ہے سب اداروں کو ان کی تقلید کرنی چاہیے۔











