اسلام آباد ،30 ستمبر (اے پی پی )؛سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر اور پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی، وزارتِ خارجہ میں، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ ملاقات آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات سمیت اہم پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔بیرسٹر سلطان محمود نے آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے اب تک کی جانے والی تیاریوں اور پارٹی امور سے متعلقہ صورتحال سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا ۔
بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق، آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشنز میں، تحریک انصاف کے متحرک، فعال اور نظریاتی کارکنان کو آگے لائیں گے ، آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف انشاء اللہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی ۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں آزاد کشمیر میں ایسی ولولہ انگیز قیادت کی ضرورت ہے جو وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے، پسے ہوئے طبقات کی محرومیوں کا ازالہ کرتے ہوئے ان کو ریلیف فراہم کر سکے
وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ، کشمیری بھائیوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور ان کے جائز حق، حق _خودارادیت کے اصول تک، پاکستان ہر عالمی فورم پر، ان کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا ۔
وزیر خارجہ نے آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کو متحرک بنانے کے حوالے سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کاوشوں کو سراہا اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے سمیت اہم سفارتی کامیابیوں پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔ اس ملاقات میں مرکزی رہنما تحریک انصاف توصیف عباسی بھی شریک ہوئے۔











