سکھر؛قوم پرست تنظیموں کے تیس سے زائد عہدیداران وکارکنان کی  قومی دھارے میں شمولیت

138

سکھر،2 ستمبر(اے پی پی): قوم پرست تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 30 سے  زائد عہدیداران و کارکنان نے قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان کیا، قومی دھارے میں آنے والوں  میں  جئے سندھ اور جئے سندھ محاذ کے کارکنان شامل ہیں، اس موقع پر جئے سندھ کے رہنما صوفی ممتاز، مہتاب احمد، شہزاد احمد نے کہا کہ ہم پر تشدد اور علیحدگی پسند طرز کی سیاست نے نالاں ہو چکے ہیں، سندھ کی ترقی پاکستان سے وابستہ ہے، آئندہ کسی بھی لسانی و قوم پرست جماعتوں سے لاتعلقی کرتے ہوئے ان سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہیں، ہمیں اتحاد، بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا اور انتشار پھیلانے والی دشمن قوتوں سے ملکر مقابلا کرنا ہوگا، پاکستان کی بقاءہماری بقاءہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم قوم پرست سیاست کے بجائے آئین پاکستان کے مطابق سیاست اور ملک کی ترقی کے لئے جدوجہد کریں گے،  قومی دھارے میں شامل لوگوں نے قومی پرچم لہرا کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، قوم پرست تنظیموں کے کارکنان نے پاک فوج کے حق میں بھی زبردست نعرے بازی کی اور ملک دشمنوں کے خلاف کاروائی میں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم کیا۔