سیلاب و بارش سے متاثرہ افراد کو  ریسکیو  کرنے کے بعد ان کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے؛ اہلیہ گورنر سندھ ریما عمران

116

ٹنڈو محمد خان، 20  ستمبر (اے پی پی ):گورنر سندھ ڈاکٹر عمران اسماعیل کی اہلیہ ریما عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سیلاب و بارش سے متاثرہ افراد کو  ریسکیو  کرنے کے بعد ان کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اپنے گھروں سے محروم ہونے والے دس ہزار گھرانوں کو ایک لاکھ روپے تک کا انڈسٹری لان دیا جائے گا، بیت المال کے تعاون سے سندھ کے سیلاب و بارش سے متاثرہ خاندانوں میں راشن تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔

 وہ ٹنڈو محمد خان کی یونین کونسل سعید پور میں بارش سے متاثرہ خواتین میں راشن تقسیم  کرنے  کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں، گورنر سندھ عمران اسماعیل کی اہلیہ ریما اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر عمل پیرا ہیں، تحریک انصاف سندھ کے تمام متاثرہ علاقوں میں بلاتفریق راشن تقسیم کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارش و سیلاب کے دوران اپنے گھروں سے محروم ہونے والے دس ہزار گھرانوں کے لئے ایک لاکھ روپے تک کے انڈسٹری لان کے تحت بلا سود قرضوں کا آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ ایک ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔

 تقریب سے تحریک انصاف کے رہنماء سید زوالفقار علی شاہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔