علماءفرقہ واریت کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

90

 

ملتان ،24 ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلام دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور اسلام دشمن قوتیں اس سے خوف زدہ ہیں ،ہمیں مل کر ان کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے،علماءفرقہ واریت کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ نے جمعرات کو یہاں برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت بہاءالدین زکریا ملتانی کے 781ویں عرس کی تقریبات کے دوسرے روز زکریا کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں ملک بھر سے آنے والے علماء،مشائخ اور زائرین کو عرس میں شرکت پر خوش آمدید کہتا ہوں،ہمیں حضرت بہاءالدین زکریا کی تعلیمات اور فلسفے کو عام کرنا ہوگا اور ان کے پیغام کو گھر گھر پہنچانا ہو گا تاکہ معاشرے میں حسن اخلاق ،رواداری اور محبت کا پیغام فروغ پا سکے۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ برصغیر میں اسلام کی ترویج میں صوفیاءکرام نے اہم کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج ملتان شہر میں عظمت صحابہ کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے، ہماری جماعت غوثیہ ناموس رسالت ،عظمت صحابہ و عظمت اہل بیت کی تائید کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے علماءومشائخ ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پرعلامہ ڈاکٹر ارشد بلوچ ،مولانا غلام درویش،امین محمد سنگراہی ،مولانا صادق سیرانی ،خواجہ کمال میاں سلطانی، قاری احمد بخش سعیدی ،پیر خالد سلطان قادری،اور محمد حفیظ اللہ شاہ بھیروی سمیت ملک بھر سے ا ٓئے ہوئے علماءنے خطاب کیا اورحضرت بہاءالدین زکریا کی تعلیمات وفلسفہ پر روشنی ڈالی ۔

تقریب کے اختتام پر سجادہ نشین وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملک کی سلامتی، فرقہ واریت کے خاتمے اور اسلام کی سر بلندی کے لیے خصوصی دعا   بھی کرائی ۔