پشاور، 29ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ عوام کی ضرورت اور انکے مسائل کے حل کیلئے تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریٹر کے دفاتر میں ون ونڈو آپریشن شروع کروایا جائےاور ہر ون ونڈو کیساتھ ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے گا جو کہ عوام کو انکے مسائل حل کروانے میں مدد دےگا جبکہ تمام یو سی لیول پر ایک ایک کمپلینٹ سیل بھی قائم کیا جائے تاکہ عوامی شکایت اعلیٰ حکام تک بروقت پہنچا کر انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا کروایا جاسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن ون پشاور کے دورے پر منعقدہ جائز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے ہدایات جاری کیں کہ پشاور کی صفائی اور تزئین و آسائش پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہر کے سڑکوں کے کناروں پر پڑے مٹی کو فوراً ہٹایا جائے، جبکہ سڑکوں کے کنارے اور پلوں کے نیچے اراضی کو خوبصورت پودوں اور سر سبز و شاداب کروایا جائے تاکہ شہر میں جگہ جگہ پڑے گندگی کے ڈھیروں سے عوام کو نجات دلوایا جا سکے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے شاہی باغ، پردہ باغ اور شالیمار باغ کا بھی دورہ کیا اور ہدایات جاری کیں کہ خواتین کے لیے بنائی جانے والی پارک پر خصوصی توجہ دی جائے ، اس پر کام کو تیز کروایا جائے اور پارک میں خوبصورتی کیلئے پودے لگائے جائے تاکہ خواتین کو پر سکون اور صحت افزاء ماحول میسر ہو ۔انہوں نے شالیمار باغ کے حوالے سے بتایا کہ شالیمار باغ کا نام تبدیل کرکے شالیمار لیڈیز پارک کروایا جائے۔
اس موقع پر اکبر ایوب خان نے شاہی باغ میں موجود لائبریری کا جائزہ بھی لیا اور ہدایت جاری کی کہ لائبریری میں طلباء کیلئے ائیر کنڈیشن اور کمپیوٹر لگوائے جائے تاکہ طلباء کو پر سکون تعلیمی ماحول میسر ہوں۔
صوبائی وزیر بلدیات نے ٹی ایم اے ٹاؤن-1 (TMA TOWN-1) کے حکام کو ہدایات جاری کی کہ عام عوام کی سہولیات کے پیش نظر شہر کے مختلف جگہوں پر پینے کیلئے صاف پانی کی ٹینکیاں لگوائی جائے اور مختلف اراضیوں پر تمام تر سہولیات سے آراستہ واش رومز بنائیں جائیں تاکہ عام آدمی کو بہتر سہولیات زندگی میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے پارکوں میں اعلیٰ کوالٹی کے میٹرئیل کا استعمال کیا جائے اور واک ٹریک، بیٹھنے کیلئے سٹینڈ اور دیگر جگہوں پر حفظانِ صحت کے اصولوں کیمطابق کام کیا جائے تاکہ بزرگ شہریوں اور دیگر عوام کو پر فضااور بہترین ماحول میسر ہو سکے ۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی آصف خان، سیکریٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات، تحصیل میونسپل آفیسر ٹاؤن ون احسان اللہ اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
اے پی پی /صائمہ حیات/نورین