لاہور، 14 جون (اے پی پی): محکمہ داخلہ پنجاب میں صوبائی کابینہ کی امن و امان کی کمیٹی کا 30واں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت و چیرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شركت کی۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محرم الحرام کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم کے دوران ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے، جبکہ فوج اور رینجرز بھی امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے ساتھ ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلحے کی نمائش کی ہر صورت ممانعت کی جائے گی اور 9 اور 10 محرم کو دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری بھی ممنوع ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور علمائے کرام، امن کمیٹیوں اور مختلف مکاتب فکر کو امن کی فضا برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
خواجہ سلمان نے کہا کہ پنجاب بھر کی مساجد و امام بارگاہوں سے امن و بھائی چارے کا درس عام کیا جائے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اتحاد بین المسلمین کمیٹییں اور امن کمیٹییں مذہبی رہنماؤں کے ساتھ رابطے کو مزید مضبوط کریں گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کی امن و امان کی کمیٹی تمام اضلاع کا دورہ کرے گی اور محرم کی سکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لے گی۔اس کے علاوہ حضرت بابا فرید الدین گنج شکر رحمتہ الله علیہ کے عرس اور داتا گنج بخش علی ہجویری رح کی درگاہ کی رسم غسل کی سکیورٹی بھی فول پروف کی گئی ہے۔
اے پی پی / لاہور
صوبائی وزیر نے کہا کہ 9 اور 10 محرم کو دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری کی اجازت نہیں ہو گی اور محرم کے دوران کسی بھی شخص کو امن کی صورت حال کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محرم کی صورت حال کی مانیٹرنگ کے لیے مرکزی کنٹرول روم فعال کر دیا گیا ہے اور ہوم ڈپارٹمنٹ کی ای پورٹل بھی ایکٹیو کی جا چکی ہے جس کی بدولت تمام معلومات کی بروقت دستیابی ممکن ہو گی۔
سیکرٹری داخلہ نے مزید کہا کہ ہنگامی صورت حال کی صورت میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی جائے گی اور رضاکاروں کی بھی سیکیورٹی کلیئرنس کی جائے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمن، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
پنجاب بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی کو جوائن کیا۔











