محکمہ خوراک نے سرکاری کوٹے والے آٹے کو بلیک میں فروخت کرنے پر گودام مالک کو گرفتار کرلیا،  40 بڑی بوریاں برآمد

64

پشاور، 11ستمبر(اے پی پی): صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر کی زیر نگرانی محکمہ خوراک کے عملے نے پشاور کے علاقے رامپورہ گیٹ میں گودام پر چھاپہ مار کر سرکاری کوٹے والے آٹے کو بلیک میں چھوٹی بوریوں میں فروخت کرنے پر گودام مالک کو گرفتار کرکے 40 بڑی بوریاں برآمد کرلی ہیں۔

محکمہ خوارک انتظامیہ کو شکایت موصول ہورہی تھی کہ نانبائیوں کے لئے سبسڈائزڈ نرخ پر فراہم کی جانیوالا آٹا بلیک میں چھوٹے بوریوں میں بند کرکے 1100 روپے میں زائد نرخوں پر فروخت ہورہا ہے۔محکمہ خوراک انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر کی نگرانی میں پشاور کے پوش بازار رامپورہ گیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے گودام مالک کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا ہے۔

عوامی شکایات پر راشننگ کنٹرولر افتاب عمر اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر واجد علی نے ڈیلروں کو خبر دار کیا کہ مقررہ نرج سے تجاوز اور بلیک میں فروخت کرنے پر ڈیلروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی اور مقررہ سرکاری نرخ سے تجاوز پر بیچنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

محکمہ خوراک انتظامیہ کے مطابق  صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں دن رات پشاور میں آٹے کی نگرانی جاری رہے گی تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکیں۔